گزشتہ ہفتہ نمل تعلیمی پروجیکٹس کے لئے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کینیڈین کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا جس میں ٹی وی کی مشہور شخصیات فخر عالم اور نبیل ظفر نے خصوصی طور پر شرکت کے لئے پاکستان سے ٹورانٹو تک کا سفر کیا انہوں نے ٹورانٹو کی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مقصد کے لئے اپنا حصہ ڈالیں اور پاکستان کی نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔ ان کی اس اپیل پر کمیونٹی نے دل کھول کر چندہ دیا اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے ایک لاکھ پچاس ہزار ڈالر کے لگ بھگ جمع ہو گیا۔اس موقع پر عمران خان کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ، گیندیں، عمران خان کی دستخط شدہ شرٹیں اور کپتان کی تصاویر لوگوں نے ہزاروں ڈالرز دے کر خریدیں تاکہ یہ پیسہ بھی بچوں کے تعلیمی اخراجات کی مد میں کام آسکے۔ نمل تعلیمی پروجیکٹس کے لئے سالانہ ڈنر ہر سال آرگنائز کیا جاتا ہے۔ اس پروجیکٹ کے کینیڈا کے انچارج برادر علی نے اس موقع پر تمام مہمانوں کا ان کی آمد اور امداد پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ عمران خان کے دو پروجیکٹس جن میں تعلیم اور ہسپتال شامل ہیں ہر سال نارتھ امریکہ میں فنڈ ریزنگ منعقد ہوتے ہیں جن میں یہاں کے مقامی افراد دل کھول کر عطیات دیتے ہیں کہ انہیں اعتماد ہے کہ ان کی دی ہوئی رقم غلط ہاتھوں میں نہیں بلکہ صحیح مقصد کے لئے استعمال کی جائے گی۔
