713

پاکستان سپر لیگ 2018 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا اختتام

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہو گیا ہے جہاں مقامی اور بین الاقوامین گلوکاروں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔
گزشتہ دو سال کے دوران دو کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا دبئی کا آغاز ہو چکا ہے اور ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا اختتام 25 مارچ کو ہو گا جب لیگ کی دو بہترین ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹائٹل کے حصول کیلئے نبردآزما ہوں گی۔
افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے کہو کو گرما دیا جس کے بعد علی ظفر نے ہوا کے دوش پر رقص کرتے ہوئے پرفارم کرتے ہوئے میدان میں سماں باندھ دیا۔
علی ظفر کی پرفارمنس کے بعد اسٹیج پر معروف کمنٹیٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی آمد ہوئی جنہوں نے ٹیموں کو گرائونڈ میں متعارف کراتے ہوئے سب سے پہلے پہلی مرتبہ لیگ میں سب سے پہلے شرکت کرنے والی ملتان سلطان کی میدان میں آمد ہوئی۔
تاہم ایونٹ میں اس وقت مضحکہ خیز لمحات دیکھنے کو ملے جبکہ ابھی رمیز راجہ ملتان کی ٹیم کا تعارف کرا ہی رہے تھے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میدان میں آ گئی۔
سلام آباد یونائیٹڈ کے بعد بالترتیب کراچی کنگز، لاہور قلندرز، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور پھر سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی میدان میں آمد ہوئی۔
اس کے بعد اسٹیڈیم میں انتہائی خوبصورت انداز میں ہوا کے دوش پر رقص کراتے ہوئے ٹرافی میں میدان میں اتارا گیا جسے دفاعیءچیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے تھاما۔
اس کے بعد رمیز راجہ نے تمام ٹیموں کے کپتانوں سے گفتگو کی جہاں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگر ہم ایونٹ میں ایک ٹیم ہو کر کھیلے اور پلان پر پورا اترے تو ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے کہا کہ ہم گزشتہ دو ایڈیشنز میں اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور توقعات پر پورا نہ اتر سکے لیکن اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
کراچی کنگز کے نوجوان کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کی کپتانی کرنا اعزاز ہے، شاہدآفریدی کا ٹیم میں ہونا بہت بڑی بات ہے اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میری پوری توجہ پی ایس ایل پر ہے اور ہماری ٹیم کی طاقت بہترین باو¿لنگ ہے جس کی بدولت ہم ایونٹ پھر جیتنے کی کوشش کریں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنی ٹیم کے کامبی نیشن کو شاندار قرار دیتے ہوئے اس مرتبہ جیت کا عزم ظاہر کیا۔
پاکستان سپر لیگ کی نئی ٹیم ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ میں سب ٹیموں کیلئےنیک خواہشات کااظہارکرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نئی ہے اور ہم نے تجربہ کار کھلاڑی منتخب کیے ہیں جس کی بدولت بہترین کامبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے خاندان میں چھٹے فرد کا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ دو ایڈیشنز کی شاندار کامیابی کے بعد پی ایس ایل تھری بھی انشاءاللہ کامیاب ہوگا جبکہ سب کی مشترکہ کوششوں سے بہت جلد پی ایس ایل کے پورے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہر گزرتے دن کے ساتھ ایک بڑا برانڈ بنتا جا رہا ہے، گزشتہ سال ایونٹ میں 24 میچز ہوئے تھے جبکہ اس سال پی ایس ایل کے 34 میچز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو ہمیں سیاست سے دور رکھنا ہے، یہ سیاسی جماعت، ہر طبقے اور ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے فرد کی ہے اور یہ تمام پاکستانیوں کا اثاثہ ہے۔
اس کے بعد مایہ ناز صوفی گلوکارہ عبادہ پروین اور پاپ گلوکار شہزاد رائے نے اپنے فن کے جوہر دکھائے جبکہ معروف امریکی گلوکار جیسن ڈیرولا بھی شائقین کو اپنی گائیکی اور ڈانس سے محظوظ کریں گے۔
علی ظفر نے ایک مرتبہ اسٹیڈیم میں انٹری دی اور ان کی شاندار پرفارمنس کے بعد آتش بازی کے سحر انگیز منظر نے شائقین کی آنکھوں کو خیرہ کردیا جس کے ساتھ پی ایس ایل کی یہ رنگارنگ اور دلآویز تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
پی ایس ایل کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض اداکارہ حریم فاروق اور بلال اشرف نے انجام دیے۔
افتتاحی تقریب کے بعد لیگ کا پہلا میچ آج دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور لیگ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں