لاہور: سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان 2009کے بعد سے اپنی ہوم سیریز کی میزبانی یواے ای میں کرنے پر مجبور رہا ہے،پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز بھی وہاں ہوئے،صرف گذشتہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا۔
ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں ابھی وقت درکار ہے لیکن دوسری طرف یواے ای میں کئی دیگر ایونٹس تواتر سے شیڈول کیے جانے کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی کم ہوسکتی ہے جب کہ وہاں اخراجات بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں۔
ادھر افغانستان کی زمبابوے کیخلاف سیریز جاری ہے،اکتوبر میں وہاں لیگ کرانے کی بھی پلاننگ ہو رہی ہے تاہم اس صورتحال میں پی سی بی نے پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کیلیے ملائیشیاپر نگاہیں مرکوز کرلیں۔
چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ گراو¿نڈز اور سہولیات کا جائزہ لینے کیلیے ملائیشیا جاو¿ں گا،اگر معاملات طے پاگئے تو امارات کی بانسبت اخراجات آدھے رہ جائیں گے۔
ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ یواے ای نے پی ایس ایل کے ساتھ دیگر لیگز کی میزبانی بھی تسلسل سے شروع کردی تو ہماری مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا،اس صورتحال میں ملائیشیا کے وینیوز نہ صرف پی ایس ایل بلکہ ہوم سیریز کی میزبانی کیلیے بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ملائیشین کنڈیشنز پاکستان سے ملتی جلتی ہیں،پی سی بی کی جانب سے اپنی ٹیم بھارت بھجوانے سے انکار کے بعد وہاں انڈر19ایشیا کپ کرایا گیا جس میں پچز اور ماحول پاکستان یا یواے ای سے زیادہ مختلف نہیں تھا۔
728