دبئی: بنگلادیش کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے اوپنر تمیم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ بہتری کی جانب گامزن ہے اور اس میں دن بدن نکھار آتا جارہا ہے۔
لیفٹ ہینڈ اوپنر تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہماری ٹیم پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو شکست دی، اس میچ میں کپتان ڈیرن سیمی نے فتح گر اننگز کھیل کر میچ کا نقشہ فتح کی صورت تبدیل کرلیا، ٹیم کی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے امید ہے کہ ہم کراچی میں شیڈول ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
28 سالہ بنگلادیشی اوپنر کا کہنا تھا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میں نے ایونٹ کے پہلے، دوسرے ایڈیشن میں بھی شرکت کی، جس سے مجھے اچھا تجربہ حاصل ہوا، اس معیارکی لیگزمیں شرکت کرنے سے کھیل میں نکھار اور بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن ہر لحاظ سے شاندار اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں نمایاں ترین ہے، پلیئرز کی زبردست پرفارمنس نے ایونٹ کو شائقین کے لیے مزید پرکشش بنادیا ہے۔ پشاور زلمی ایک زبردست فرنچائز ہے جس کا میں حصہ ہوں مجھے اس کا حصہ بننے پر فخر ہے۔
676