کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ پی ایس ایل تھری کے لیے فائنل کیلیے نیشنل اسٹیڈیم کا ترقیاتی کام 15 مارچ تک مکمل کر لیا جائے تاہم قوی امید ہے کہ لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل25 مارچ کوکراچی ہی میں ہو گا۔
تھرپارکر کے شہر مٹھی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ فائنل کراچی ہی میں ہو، کراچی میں کئی برسوں سے کرکٹ کے مقابلے نہیں ہوئے، نیشنل اسٹیڈیم کی حالت مخدوش تھی، اب فائنل کے سلسلے میں ترقیاتی و تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جس سے اسٹیڈیم کی حالت بھی سنور جائے گی۔
محمد زبیر نے کہا کہ فائنل کے لیے پہلے ٹکٹ یکم مارچ سے فروخت کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا تاہم میں نے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایا کہ فائنل کیلیے ٹکٹوں کی فروخت15مارچ سے شروع ہوگی۔
گورنر نے کہاکہ فائنل کیلیے ہر طرف سے پاس طلب کیے جارہے ہیں، تاہم میں نے سب اکابرین سے درخواست کی ہے کہ پاس پر نظریں رکھنے کے بجائے ٹکٹ خرید کر میچ دیکھیں۔
623