کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپرلیگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کواسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جب کہ میدان بدر کیے جانے والے شخص کا تعلق بنگلادیش سے بتایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق اس مشکوک شخص کو گراﺅنڈ سے باہر کیے جانے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ وہ مبینہ طور پر موبائل فون پر میچ سے متعلق معلومات کسی کو فراہم کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ موبائل فون کے ذریعے اسٹیڈیم سے بکیز کو معلومات فراہم کرنے کو ’پچ سائیڈنگ‘ کہا جاتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ کی موثر روک تھام کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے ہیں۔
اس سلسلے میں گراﺅنڈ سے موبائل فون پر مشکوک رابطوں کو روکنے پر خاص نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات بھی حاصل کررکھی ہیں جس کا مقصد پاکستان سپر لیگ کے دوران شرطیں (بیٹنگ) لگانے کی کسی بھی قسم کی غیرمعمولی کوشش کو مانیٹر کیا جا سکے اور اگر ایسی کوئی غیر معمولی شرط لگتی ہے تو یہ ویب سائٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر چوکنا کر دے گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر پانچ سال جبکہ شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
645