655

پی ایس ایل: کراچی بمقابلہ کوئٹہ، لاہور اور ملتان بھی اپنی قسمت آزمائیں گے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں جمعہ 23 فروری کو 2 مقابلے ہوں گے، پہلا مقابلہ کراچی کنگز اور دو مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ملتان سلطان اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق پہلا میچ شام ساڑھے 4 بجے ہوگا جبکہ ملتان سلطان اور لاہور قلندرز کے درمیان دوسرا میچ رات 9 بجے ہوگا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے کم نہیں اور دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن کافی مضبوط تصور کی جارہی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستانی ٹیم کے ہیرو اور پاکستان کو چمپئن ٹرافی جیتانے والے کپتان سرفراز احمد، مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کی خدمات حاصل ہیں۔
کراچی کنگز کی بات کی جائے تو اس میں بھی بڑے نام شامل ہیں اور بوم بوم آفریدی اس ٹیم میں چار چاند لگانے آگئے ہیں، ان کے علاوہ ٹیم کے کپتان عماد وسیم، بابر اعظم، روی بوپارا اور ای اون مورگن بھی کراچی کنگز کی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔
اگر پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزن کی بات کی جائے تو سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز کافی مضبوط تصور کی جاتی تھی لیکن وہ دونوں ایڈیشن میں کوئی نتیجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
تاہم اس مرتبہ ٹیم کی انتظامیہ کچھ الگ کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور لگتا ہے کہ اس مرتبہ کراچی کنگز ایونٹ میں اچھا پر فارم کرے گی۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی کسی سے کم نہیں اور وہ دونوں ایونٹ کی طرح اس تیسرے ایڈیشن میں بھی اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔
کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کے مینٹر سر ویون رچرڈ ہیں جو اس مرتبہ بھی کھلاڑیوں کا مورال بلند کریں گے۔
دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن کی بات کی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کی بہتری بیٹنگ لائن تصور کیا جاتا ہے تو دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم کی قیادت میں ایک نئی لائن اپ کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ایک اچھا کھیل دیکھنے کی امید ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں