658

پی ایس ایل کی ٹیمیں انجریز کی بھرمار سے پریشان

دبئی: پی ایس ایل تھری میں ٹیمیں انجریز کی بھرمار سے پریشان ہیں، آندرے رسل، ڈیرن سیمی، شاہد آفریدی، رومان رئیس، مصباح الحق و دیگر انجرڈ کرکٹرز میں شامل ہو چکے تاہم بیشتر اب دوبارہ ایکشن میں واپس آچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کے آغاز پر ہی ٹیموں کی اسٹار کرکٹرز سے محرومی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ لاہور قلندرز نے بگ بیش لیگ میں برینڈن میک کولم کے ساتھی جارح مزاج بیٹسمین کرس لین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا مگر نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کے بعد اسکین رپورٹ آئی تو انہیں پی ایس ایل سے دست بردار ہونا پڑا تاہم ان کے آئی پی ایل سے قبل فٹ ہونے کی امید ہے۔ مصباح الحق ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ابتدائی دونوں میچز میں شرکت نہ کرسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت رومان رئیس کے سپرد ہوئی لیکن فیلڈنگ کے دوران پیسر کا گھٹنہ بڑی شدت کے ساتھ زمین سے ٹکرایا، ان کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کردی گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہی ایک اہم کھلاڑی آندرے رسل ڈوپنگ کیس میں پابندی کا ایک سال پورا کرنے کے بعد ٹیم کو دستیاب ہوئے تھے لیکن ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے پی ایس ایل تھری سے باہر ہوچکے۔
پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو لاہور قلندرز کے خلاف حیران کن فتح دلائی لیکن اس کے بعد کئی میچز میں ایکشن میں نظر نہیں آسکے اس دوران قیادت محمد حفیظ کرتے رہے اور اب سیمی کی گذشتہ روز اسلام آباد یونائٹیڈ سے میچ میں واپسی ہوئی۔
کراچی کنگز کے شاہد آفریدی ملتان سلطانز کے خلاف میچ سے قبل گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے پاکستان واپس چلے گئے تھے۔ انھوں نے دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کرلیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بھی حصہ لیا تاہم فٹنس پر شکوک اب بھی موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں