780

ڈھاکا ٹیسٹ میں سری لنکا 222پر ڈھیر، پہلے روز 14 وکٹ گرگئے

چٹاگانگ ٹیسٹ میں رنز کے ڈھیر کے لگانے والے بیٹسمین ڈھاکا میں ڈھیر ہوگئے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا پہلے روز بولرز کے چہروں پر خوشیاں لے آیا اور ایک دن میں 14 وکٹ گرگئے۔
مہمان ٹیم کو 222 پر فارغ کرکے خود کو بہتر پوزیشن میں محسوس کرنے والے ٹائیگرز دن کا کھیل ختم ہونے تک56 رنز تک 4 وکٹ گنوا کر ڈرے سہمے بیٹھے دکھائی دیےاور اسے آئی لینڈرز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 168رنز درکار ہیں۔
میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو کشال مینڈس اور روشن سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی بنگال ٹائیگرز کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکااور پوری ٹیم 222رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی جبکہ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے عبدالرزاق اور تیجل اسلام نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
جوابی اننگز میں ہوم سائیڈ بھی بولرز کے حملے سہنے میں ناکام رہی اور بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، سرنگا لکمل نے پہلے ہی اوور میں تمیم اقبال کو آﺅٹ کرکے بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی،وہ 4 رنز بناسکے۔
چٹاگانگ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریز اسکور کرنے والے مومن الحق کو بدقسمتی سے کھاتہ کھولنے کا موقع ہی نہیں ملا، وہ رن آﺅٹ ہوئےجبکہ مشفق الرحیم کا بلا بھی نہ چلا اور صرف ایک رن بنا کر لکمل کی گیند کا نشانہ بنےاور امرالقیس 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔
اس طرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 56 رنز بنا لئے تھے، لٹن داس 24اور مہدی حسن 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیںجبکہ لکمل نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی تاہم لکمل نے اس دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں