455

ایران نے متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا

تہران: ایران نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر تحویل میں لے لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایرانی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو کی ہلاکت اور ایک کشتی کو تحویل میں لینے کے جواب میں ایرانی کے بحری سرحدوں کے محافظوں نے ایک اماراتی جہاز کو عملے سمیت تحویل میں لے لیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی بحری جہاز کو سرحد کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا ہے، مذکورہ کشتی ایرانی پانیوں میں داخل ہوگئی تھی جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جہاز کا عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی کشیت کے واقعے پر متحدہ عرب امارات کے حکام نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نقصانات کی تلافی کے لیے رضامندی کا ظاہر کیا ہے تاہم متحدہ عرب امارات نے رائٹرز سے رابطے پر اس معاملے پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا جس پر ایران نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے معاہدے کو فلسطینی عوام سے غداری قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں