655

دنیا امریکا کی بے وقوفیوں پر ہنستی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو اپنی ”احمقانہ پالیسیوں“ سے سالانہ 800 بلین ڈالر خسارے کا سامنا ہے جبکہ دیگر ممالک اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکا کے تجارتی سودے اور پالیسیاں بے وقوفانہ ہیں جس کی وجہ سے امریکا کو سالانہ 800 ارب ڈالر تجارتی خسارہ ہو رہا ہے، امریکی اپنی ملازمتیں اور دولت دوسرے ملک کے شہریوں کو دے رہے ہیں اس طرح دوسرے ممالک نے تو امریکا سے فائدے اٹھائے لیکن خود امریکا خسارے میں جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس پالیسی کی وجہ سے دوسرے ممالک ہم پر ہنستے ہیں کہ امریکی لیڈر کتنے بے وقوف ہیں کہ دوسرے ممالک کو نوکریاں اور تجارت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں لیکن خود خسارے میں جا رہے ہیں تاہم اب مزید یہ پالیسی جاری نہیں رکھی جا سکتی، امریکی قیادت اب اپنے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسی مرتب کرے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازعہ بیانات اور سخت موقف کے باعث امریکی تاریخ کے متنازعہ ترین صدر ثابت ہوئے ہیں، انتخابی مہم سے پالیسیاں تبدیل کرنے تک ٹرمپ کو خود اپنے شہریوں، سیاسی قیادت اور میڈیا کی تنقید کا سامنا رہا ہے اور اس حالیہ بیان نے امریکا میں ملازمت اور کاروبار کرنے والے غیر ملکیوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں