622

سوڈان کے صدر عمرالبشیر نے آرمی چیف کو برطرف کردیا

خرطوم: سعودی عرب کے بعد سوڈان کے بھی آرمی چیف کو معزول کردیا گیا ،سوڈان کے صدر عمر البشیر نے چیف آف آرمی سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عماد الدین کو برطرف کرکے ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل کمال کو نیا آرمی چیف تعینات کردیا ہے۔ تفصیل کے مطابق نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر عمر حسن البشیر نے منگل کے روز آرمی چیف جنرل عماد عدوی کوانکے منصب سے معزول کرنے کے احکام جاری کردئیے، اور ساتھ ہی جنرل کمال عبدالمعروف کو نئے آرمی چیف مقرر کردیا۔ اس اہم تبدیلی کی کوئی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ نئے آرمی چیف جنرل عبدالمعروف 2015 سے مسلح افواج کے انسپکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ صدر البشیر نے گزشتہ برس 11فروری کو انٹیلی جنس چیف محمد عطا المولیٰ کو عہدے سے ہٹاکر صلاح قوش کو انٹیلی جنس چیف مقرر کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی حکم نامے میں آرمی چیف اور ایئر چیف سمیت کئی جرنیلوں کو کوئی وجہ بتائے بغیر برطرف کر دیا تھا۔شاہی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ وزیر دفاع ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر ہونے والی یہ تبدیلیاں معمول کی کارروائی ہے ،بعض فوجی افسروں کی مدت ملازمت پوری ہو رہی تھی جبکہ کچھ عہدوں پر نوجوان افسروں کو تعینات کرنا مقصود تھا۔جن فوجی افسروں کو معزول کیا گیا ان میں ملٹری چیف آف اسٹاف ،بری افواج کے سربراہ اور سعودی فضائیہ کے سربراہ شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں