سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیدیا 158

سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیدیا

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں جمعرات کی شام کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا اس حکم پر عمل درآمد ہو سکے گا یا نہیں۔ عمران خان کو گرفتار کرنے والے اس قدر طاقت ور ہیں کہ جنہوں نے عدالت میں بیٹھے ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے رہنما کو بے دردی سے اٹھا لیا اور ڈنڈے مارتے ہوئے لے گئے۔ تو کیا وہ سپریم کورٹ کے حکم کو مانیں گے جب کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس خود ایک کمزور پچ پر کھیل رہے ہیں۔ یوں حکومت اور فوج مل کر تحریک انصاف کے چیئرمین کو اس وقت سے راستے سے ہٹانے کا گھناﺅنا کھیل کھیل رہی ہے۔ ایسے حالات میں کون صدر پاکستان اور سپریم کورٹ کے احکامات کو مانے گا؟ جہاں آئین کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے، وہاں ان آئینی عہدوں کی عزت اور احکامات کی پاسداری کون کرے گا، واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد عوام روڈ پر نکل چکی ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مظاہرے جاری ہیں اور شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔ امریکہ اور کینیڈا کی حکومتوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ ہیومن رائٹس کی اس خلاف ورزی پر آواز اٹھائیں، یوکے میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر ہزاروں لوگ جمع ہیں اور نواز شریف اور حکومت کو مغلظات بک رہے ہیں جب کہ کینیڈا کے مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں اور حکومت کینیڈا نے عمران خان کی رہائی کی اپیل کی ہے۔ امریکہ کے شہر ہیوسٹن، کیلی فورنیا، شکاگو اور نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر پاکستان کا جم غفیر حکومت کو گالیاں، جنرلز کو دہشت گردوں کے خطابات سے نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لگتا یوں ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان کے عوام کو ان کی 73 سالہ مجرمانہ خاموشی کی سزا دینا چاہتی ہیں اور دوسری جانب پاکستان کے اعلیٰ عسکری حکام کو ماضی میں کئے گئے دھوکے اور جھوٹ کی سزا دینے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں