عمران خان کی حکومت کیخلاف 19 جون کو ملک گیر احتجاج کی کال 215

عمران خان کی حکومت کیخلاف 19 جون کو ملک گیر احتجاج کی کال

اسلام آباد (فرنٹ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد اتوار کی رات 9 بجے ملک گیر احتجاج کی کال دیدی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم گئے تو پیٹرول 150 روپے لیٹر تھا، یہ اب تک پیٹرول پر 85 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 115 روپے اضافہ کرچکے ہیں، پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔ بجلی16 روپے یونٹ چھوڑی، آج 29 روپے فی یونٹ ہوگئی، جو مزید بڑھے گی، آٹا تھیلا 1100 سے 1500، گھی کا نرخ 400 سے 650 تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اتوار کی رات 9 بجے ملک گیر احتجاج کے لئے نکلے، اتوار کی رات 10 بجے قوم سے مخاطب ہوں گا۔ سیاسی جماعتوں کو بھی پرامن احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، پرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں وکلاءسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی لوگوں کے مفادات کے لئے ہوتی ہے، قوم اب بھی نہ اٹھی تو ہر وزیر اعظم آزاد خارجہ پالیسی بنانے سے ڈرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کا کام خارجہ پالیسی پر تبادلہ خیال کرنا ہے، ان کا کام ہمارے بیک بینچرز سے ملنا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ میرا روس جانے کا مقصد کم قیمت پر گندم اور تیل خریدنا تھا، یہ میری ذات کے لئے نہیں بلکہ میرے لوگوں کے لئے فائدہ مند تھا، میں امریکیوں کو اچھے سے جانتا ہوں، جب تک آپ جھکتے جائیں گے وہ آپ کو ڈومور کہتے جائیں گے، اگر آپ اپنے ملک کے مفادات کے لئے کھڑے ہوں گے تو وہ آپ کی عزت کریں گے، انہوں نے کہا کہ اگر مداخلت ہوئی ہے تو کیا اس کی تفتیش نہیں ہونی چاہئے تھے، جو بھی پاکستان کا وزیر اعظم آئے گا جب اس کو دھمکی ملے گی وہ بھی وہی کرے جو جنرل مشرف نے کیا تھا، ایک ہی ٹیلی فون کال پر کسی اور کی خارجہ پالیسی کے لئے اپنے ملک کے مفادات قربان کردے گا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے نیوٹرلز کو اس سازش کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ اسے روکیں ورنہ ملک کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کی سب سے بڑی ذمہ داری عدلیہ اور وکلاءکمیٹی پر ہے، ہمارے ملک میں امیر کو قانون کے نیچے لانا ایک جہاد ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ سب کے سامنے ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں 4 افراد انتقال کر چکے ہیں، آپ کے سامنے ہے کہ ملک کی قانونی بالادستی کو دفن کیا جارہا ہے، نیب قانون میں ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب نیا قانون آگیا ہے جس کے تحت بلے دودھ کی رکھوالی کریں گے، نیب ختم ہونے کا مقصد ہے کہ تمام کیسز ختم ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا مقصد ہمارا الیکشن کا نظام اب بدنام ہونے والا ہے، وہ تمام ادارے جنہوں نے جمہوریت کی حفاظت کرنی ہے، وہ سب خطرے میں ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے وکلاءبرادری کو ہدایت دی کہ آپ سب نے اپنے ملک کی حقیقی آزادی کے لئے نکلنا ہے، اگر اس وقت یہ حکومت چلتی رہی تو مجھے خوف ہے کہ یہ پاکستان کو کمزور کرکے جائیں گے، ملک کا حال سری لنکا جیسا ہو جائے گا۔ اس ملک کو اس دلدل سے صرف ایک چیز نکال سکتی ہے، وہ واحد حل صاف و شفاف انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد تگڑا شو کرنے والا ہوں لیکن بتاﺅں گا نہیں، بس اتنا کہوں گا کہ آپ سب نے اس میں شرکت کرنی ہے۔ قبل ازیں عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی رہنماﺅں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان نے رہنماﺅں کو حکومت کے معاشی اعشاریوں کو بھرپور اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں