نئے انتخابات سمیت تمام آپشنز مدنظر رکھنا پڑیں گے، وزیر اعظم 406

نئے انتخابات سمیت تمام آپشنز مدنظر رکھنا پڑیں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں نئے انتخابات سمیت تمام آپشنز مدنظر رکھنا پڑیں گے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورت حال، سینیٹ انتخابات اور پارٹی تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نطر حکومتی رہنماوں کو متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں ہم اقتدار کے لیے نہیں، نظام کی تبدیلی کے لیے آئے ہیں، ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے۔

وزیراعظم نے کہا ہمیں نئے انتخابات سمیت تمام آپشنز مدنظر رکھنا پڑیں گے، ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اجلاس میں اپوزیشن کے لانگ مارچ کے پیش نظر حکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا پی ڈی ایم لانگ مارچ کا مقصد عوامی مفاد نہیں این آراو حاصل کرنا ہے۔ نہ پہلے دباو قبول کیا اور نہ آئندہ کسی دباو میں آوں گا،
اپوزیشن احتجاج کی سیاست کے ذریعے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال میں بہت محنت اور مشکل سے معیشت کوسنبھالا ہے، میں میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ ملک میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کریں۔

اجلاس میں عامر کیانی اور سیف اللہ نیازی نے ملک بھر میں پارٹی تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔ کور کمیٹی نے وفاق اور صوبوں میں گورنننس پر تحفظات کا اظہار کیا اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں