156

پاکستان کے نئے آرمی چیف عاصم منیر نے فوج کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) 29 نومبر 2022ءپاکستان میں چیف آف آرمی اسٹاف کی تبدیلی اس قدر زور و شور سے ہوئی کہ جمہوری ملک کے صدر اور وزیر اعظم اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آرمی چیف اس تقرری میں عوام کی نظریں سختی سے گڑی ہوئی تھیں اور یہ بھی پہلی بار ہوا کہ جانے والا جنرل عوام کے دلوں میں اچھے جذبات چھوڑ کر نہیں گیا بلکہ عوام نے آخری روز تک اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ جنرل قمر باجوہ وہ پہلے جنرل ثابت ہوئے جنہوں نے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کی اور آنے والے نئے جنرل عاصم منیر کے لئے نئے چیلنجز پیدا کر گئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے آخری خطاب میں خود کہا کہ وہ اب گمنامی کے سفر پر روانہ ہو رہے ہیں کیونکہ وہ شاید وقت کی پکار سن چکے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے پیچھے سیاسی عدم استحکام، کمزور معیشت اور سب سے بدترین چیز عوام اور فوج میں اعتماد کی کرچیاں چھوڑے جارہے ہیں۔ نئے آرمی چیف کے لئے سب سے بڑا امتحان یہ ہو گا وہ کس طرح ریٹائرڈ جنرل باجوہ کے دور کے اثرات کو درست کرتے ہیں جن کے چھ سال کے دوران ملکی اور عسکری معاملات کا کوئی پہلو تنازع اور نقصان سے نہیں بچ پایا۔ جنرل عاصم منیر کے لئے یہ ایک محنت طلب کام ہو گا کہ فوج کا مسخ شدہ چہرہ درست کریں بہرحال طاقت کی چھڑی اب جنرل عاصم منیر کے ہاتھ میں ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اس چھڑی کا استعمال کس طرح کرتے ہیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں