436

وزیراعظم کے بھارتی پائلٹ کوواپس بھیجنے کے فیصلے نے دل جیت لیے، شوبزفنکار

کراچی: پاکستانی فنکاروں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر واپس بھارت بھجوائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ روزپارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھجوانے کا اعلان کیاتھا۔ وزیر اعظم کے اس اعلان کی گونج بھارت سمیت پوری دنیا میں سنائی گئی اور پوری دنیا میں ان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا۔ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے بھی عمران خان کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اس فیصلے نے دل جیت لیے۔
گلوکار و اداکار علی ظفر نے عمران خان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہمیں ہمارے ملک پر فخر ہے۔ اب پوری دنیا کو پاکستان کی نئی سوچ کا گواہ ہونا چاہئے اور پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ امن کا یہ سلسلہ خطے میں ترقی اور مستحکم لانے میں اہم اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اداکار فیصل قریشی نے لکھا عمران خان مسلسل دلوں کو جیتنے میں مصروف ہیں۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے لکھا اس سے قبل میں نے پاکستانی ہونے پر اس سے زیادہ فخر کبھی محسوس نہیں کیا تھا، مجھے اپنے وزیراعظم پر، اپنی آرمی پر جو امن چاہتی ہے، اپنے میڈیا پر جس نے اس پورے معاملے میں نہایت سمجھداری کا مظاہرہ کیا، اپنے لوگوں پر جنہوں نے امن کی وکالت کی ان سب پر فخر ہے۔ تاہم اس معاملے میں بھارتی میڈیا کو دیکھ کر افسوس ہوتاہے جس نے اپنے لوگوں میں اشتعال پھیلا کر جنگ کا پرچار کیا۔
اداکارہ عروہ حسین نے لکھا میرے ملک، میرے وزیر اعظم عمران خان اورمیری پاک آرمی نے آج مجھے بہت زیادہ فخر محسوس کرایا ہے، یہ دیکھ کر آج میری آنکھوں میں آنسو ہیں کہ ہماری پوری قوم امن کے لیے متحد ہے اور ایک ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔
اداکارہ عروہ حسین نے عمران خان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا عمران خان اسی عظمت اوروقار سے آپ پورے ملک اور لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں۔ آپ کے فیصلے سے یہ ثابت ہوگیا کہ انسانیت سب سے پہلے ہے۔
اداکارہ وینا ملک نے بھی عمران خان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا جذبہ خیرسگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ بہت جلد اپنے گھر پر ہوگا۔
حمزہ علی عباسی نےبھارتی پائلٹ ابھی نندن کی فیملی فوٹو شیئر کراتے ہوئے اس کے چھوٹے بچے سے مخاطب ہوتے ہوئے نہایت جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ”آب کے والد سپاہی ہیں ان پر فخر کریں ہم انہیں واپس آپ کے پاس بھیج رہے ہیں، جب وہ آپ کے پاس واپس آجائیں تو آپ انہیں گلے لگاکر پوچھناکہ جنگ اور موت کی مودی کی سیاسی مہم کی کوئی اہمیت تھی؟ ان سے یہ بھی پوچھنا کہ کیا آپ کے جیسے ننھے کشمیری بچوں کو بھی اپنے والد کے ساتھ امن سے جینے کا حق نہیں ہے؟“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں