لاہور: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کوحملہ کرنے کی پھر دھمکی دے دی، انہوں نے کہا کہ حملے کی پہلے مشق تھی اب اصلی ہوگا، جس طرح پائلٹ پراجیکٹ ہونے کے بعد سکیل ایبل کیا جاتا، توابھی ہمارا بھی پائلٹ پراجیکٹ ہوگیا ہے۔ جنگی جنونی اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کے خواہشمند بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے دہلی میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کو دھمکا دیا ہے۔ مودی نے کہا کہ آپ سب لیبارٹری میں زندگی گزارنے والے لوگ ہیں، آپ سب پہلے پائلٹ پراجیکٹ کرتے ہیں پھر سکیل ایبل کیا جاتا ہے۔ اس لیے ہمارا ابھی ابھی پائلٹ پراجیکٹ ہوا ہے۔ ابھی حقیقت میں کرنا ہے پہلے پریکٹس کی تھی۔ واضح رہے 14فروری کو پلوامہ واقعے کے بعد مودی سرکار نے سیاسی چمکانے کیلئے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا،اور ساتھ ایل اوسی پر کشیدگی بڑھانے کے ساتھ پاکستان اسڑائیک کرنے کی دھمکیاں لگانا بھی شروع کردیں۔ ان دھمکیوں کے تناظر میں بھارتی طیارے25فروری کی شب پاکستان کی حدود میں داخل ہوئے ، پاک فضائیہ کے فوری ردعمل کے جواب میں بم پھینک پر بھاگ گئے۔ اسی بھول میں گزشتہ روز پھر بھارتی طیاروں نے ایل اوسی کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کی حدود میں داخل ہوگئے۔ لیکن پاک فضائیہ نے بھرپور جواب دیا صرف چند لمحوں میں ہی بھارت کے 2 طیارے مار گرائے اور بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو بھی گرفتار کرلیا۔ پاکستانی سیاسی جماعتوں اورعوام نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو آئندہ مہم جوئی یا جارحیت کیلئے کوئی قدم اٹھانے سے خبردار کیا۔ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جذبہ امن کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے بھارت کو امن کا سرپرائز بھی دیا ہے۔ جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارت کے گرفتار پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔ جس کے تحت بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کرنے کی تیاری شروع کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایک طرف پاکستان امن کی جانب ہاتھ بڑھا ہے جبکہ دوسری جانب بھارت نے جنگی جنون اور جارحانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ عالمی دنیا کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے کہیں ایسا نہ ہو کہ پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے۔
549