515

دپیکا نے بھی عرفان خان کی بیماری سے متعلق خاموشی توڑدی

ممبئی: بالی ووڈ کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی ساتھی اداکار عرفان خان کی بیماری سے متعلق خاموشی توڑدی۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار عرفان خان نے چند روز قبل ٹویٹر پر اپنی بیماری کا ذکر کرکے جہاں اپنے مداحوں کو پریشانی میں مبتلا کیا وہیں ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے نئی آنے والی فلموں کی شوٹنگ بھی تاخیر کا شکار ہیں جب کہ گزشتہ روز ہی ان کی اہلیہ نے میڈیا میں اداکار کی بیماری سے متعلق چلنے والی افواہوں کی تردید کی تھی اور اب ساتھی ادکارہ دپیکا پڈوکون بھی ان کا ساتھ دینے میں میدان میں آگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون نے عرفان خان کی صحت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمیشہ لوگوں کے لئے اور ان کی صحت کے لئے دعا کرنی چاہئے اور اگر اس وقت عرفان خان کی طبیعت ناساز ہے تو یہ بات ہمارے لئے لمحہ فکر ہے جب کہ ہم سب کو ان کے لئے دعا کرنی چاہئے۔
دپیکا پڈوکون نے انٹرویو میں مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنے لئے اور دوسروں کے لئے دعا کرتی ہوں جب کہ عرفان خان کی صحت کے حوالے سے گزشتہ دو ہفتے ہمارے لئے خاصے مشکل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عرفان خان نے چند روز قبل اپنی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایک خطرناک بیماری نے گھیر لیا ہے تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا تھا کہ انہیں کون سی بیماری لاحق ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں