کراچی: گزشتہ روز ہونے والے تیز گام ٹرین حادثے کے پیش نظر کوک اسٹوڈیو نے اپنے نئی سیزن کی تیسری قسط جاری کرنے سے روک دی ہے۔ کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں گزشتہ روز آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجے میں 74 مسافر جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، افسوس ناک سانحے پر شوبز انڈسٹری سمیت دنیا بھر سے تعزیتی پیغام بھیجے گئے اور اب کوک اسٹوڈیو کی جانب سے بھی ہولناک سانحے کے باعث اپنی نئی قسط جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حال ہی میں کوک اسٹوڈیو کا 12 واں سیزن شروع کیا گیا جس کے اب تک کئی گیت ریلیز کے فوراً بعد ہی مقبول ترین گیتوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں اور آج کے روز اس سیزن کی تیسری قسط ریلیز کی جانی تھی تاہم کوک اسٹوڈیو کی انتظامیہ نے ٹرین حادثے کے پیش نظر نئی آنے والی قسط جاری کرنے سے روک دی ہے۔
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے تیز گام ٹرین حادثے میں شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی تیسری قسط ریلیز نہیں کی جائے گی۔ ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ہماری دعائیں حادثے میں متاثر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
479