سوئس کیس کا اصل ریکارڈ مل گیا، آصف زرداری کے خلاف کیس دوبارہ کھلنے کا امکان 119

سوئس کیس کا اصل ریکارڈ مل گیا، آصف زرداری کے خلاف کیس دوبارہ کھلنے کا امکان

اسلام آباد: حکومت کو براڈ شیٹ کمیشن سے سوئس کیس کا ریکارڈ مل گیا جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس دوبارہ کھلنے کا امکان ہے، اس کے ساتھ ہی حکومت نے براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن میں نامزد 5 افراد کے خلاف کرمنل کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ براڈ شیٹ کمیشن نے سوئس کیس کے حوالے سے نشان دہی کردی ہے، دستاویزات کے تحت آصف علی زرداری کے خلاف سوئس اکاﺅنٹس کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔

حکومت کو سوئس اکاﺅنٹ کا اوریجنل ریکارڈ مل گیا، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ سابق آصف زرداری بری ہوئے تو کہا گیا کہ نیب کے پاس سوئس اکاﺅنٹس کا اوریجنل ریکارڈ نہیں، اب سوئس اکاﺅنٹ کا حکومت کے پاس اوریجنل ریکارڈ موجود ہے، لیگل ٹیم جائزہ لے رہی ہے، آصف زرداری کے خلاف کیس کھولا جاسکتا ہے۔

براڈ شیٹ کیس میں نامزد 5 افراد کے خلاف کرمنل کارروائی کا فیصلہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے نامزد پانچ افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں احمر بلال صوفی، غلام رسول، عبدالباسط، شاہد علی بیگ اور طارق فواد شامل ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی اصل حیثیت بحال ہونے تک بھارت سے تجارت ممکن نہیں
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ تجارت کے لیے ای سی سی کی تجویز کی توثیق نہیں کی گئی، بھارت سے تعلقات کی بحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت 5 اگست 2019ءکے اقدامات پر نظر ثانی نہیں کرتا، اس کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا اور تجارت کرنا ممکن نہیں۔

پاکستان میں کشمیر کا سودا کرنے کی کسی میں جرات نہیں
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کشمیر کا سودا کرنے کی کسی میں جرات نہیں، عمران خان کے ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان کی حکومت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپوزیشن کو پھر الیکشن اصلاحات کی دعوت دیتے ہیں
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن الیکشن اصلاحات کے لیے تعاون کرے، حکومت چاہتی ہے کہ ایسا الیکشن ہو جسے سب تسلیم کریں، اپوزیشن کو پہلے بھی اور آج بھی دعوت دیتے ہیں، پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن آئے۔

45 فیصد شوگر پروڈکشن نواز شریف اور آصف زرداری کے پاس ہے
چینی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 45 فیصد شوگر پروڈکشن نواز شریف اور آصف زرداری کے پاس ہے، سٹہ بازی کے ذریعے چینی کی قیمت کو بڑھایا گیا، سٹہ بازی میں جو لوگ بھی ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں