(رپورٹ: پاکستان ٹائمز)
پاکستانی نژاد سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان نے پارلیمنٹ میں وزیر برائے امیگریشن کینیڈا مارک ملر کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ فروری 2024ءمیں کہا گیا تھا کہ موسم سرما سے اسلام آباد ویزا کام شروع کردے گا اور ویزا پروسیس کا وقت بھی کم کردیا جائے گا مگر نہ وعدہ وفا کیا گیا اور نہ آج تک کی گئی باتوں پر عمل درآمد ہوا۔ جواب میں وزیر موصوف مارک ملر کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلہ میں سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں اور جلد اس سلسلہ میں تحریری جواب کے ذریعہ مطلع کردیں گے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ سلمیٰ عطا اللہ جان نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے پاکستانیوں کے اس ہم معاملہ کو حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ کمیونٹی اس بات کو بھی یقیناً نہیں بھولی کہ ہمارے پاکستانی ممبر پارلیمنٹ بارہا اس سلسلہ میں چند میڈیا چینلز پر یہ اعلان کرتے رہے ہیں کہ پروسیسنگ ٹائم کم ہو گیا ہے اور اسلام آباد آفس نے کام شروع کردیا ہے جب کہ بعدازاں ان خبروں اور انٹرویوز میں کہی گئی باتوں کی تصدیق نہ ہو سکی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان کی کوششیں جلد رنگ لائیں گی اور یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔ انشاءاللہ حل ہوگا۔
