کراچی: عوامی شکایات پر چیئرمین نادرا عثمان مبین نے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف جب کہ ڈی جی سندھ کا تبادلہ کردیا۔
نیوز کے مطابق چیئرمین نادرا عثمان مبین نے کراچی کے مختلف نادرا سینٹرز کا اچانک دورہ کیا جس میں انہوں نے سائلین سے ان کے مسائل سنے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
چیئرمین نادرا رات گئے ڈیفنس کے میگا سینٹر پر بغیر اطلاع پہنچے جہاں شناختی کارڈ کے حصول کیلیے لوگ طویل قطار میں کھڑے تھے۔ چیئرمین نادرا نے اعلیٰ افسران کو موقع پر طلب کرکے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عثمان مبین نے ایکشن لیتے ہوئے سینٹر کے پورے عملے کو تبدیل کردیا۔
چیئرمین نادرا نے کراچی میں شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں اور عوامی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف اور ڈی جی سندھ کا تبادلہ کردیا۔ چیئرمین نادرا نے عوام کی سہولت کے لیے کراچی میں نادرا سینٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔ اس کے علاوہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چیئرمین نے نادرا میں اعلیٰ کارکردگی کا رکارڈ رکھنے والے افسران کو کراچی طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین نادرا عثمان مبین کا دو ہفتوں میں کراچی کے نادرا سینٹرز کا دوسرا ہنگامی دورہ ہے۔اس سے قبل انہوں نے ڈیفنس اور سائٹ ایریا کے میگا سینٹرز سمیت دیگر علاقائی سینٹرز کا دورہ کرکے غفلت برتنے والے عملے کو معطل اور برطرف کیا تھا جب کہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ کسی بھی شہر کا شخص نادرا کے ہر سینٹر سے شناختی کارڈ بنانے کا اہل ہوگا۔