کرکٹ کینیڈا نے سینئرز کرکٹ ایسوسی ایشن کو باقاعدہ تسلیم کرلیا 63

کرکٹ کینیڈا نے سینئرز کرکٹ ایسوسی ایشن کو باقاعدہ تسلیم کرلیا

ٹورنٹو (پاکستان ٹائمز) کینیڈین سینئرز کرکٹ ایسوسی ایشن (CSCA) کی کارکردگی کے پیش نظر کرکٹ کینیڈا نے اسے باقاعدہ طور پر تسلیم کرلیا ہے اور اس کا سرکاری طور پر نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایک میڈیا بریفنگ میں تنظیم کے عہدے داروں فیصل مولیدینا، محمد شعیب، محمد فرخ اور دیگر نے بتایا کہ سینئرز کرکٹ کے فروغ یہ اہم قدم ہے۔ سینئرز کھلاڑی بھرپور جوش و خروش سے کینیڈا کی کرکٹ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ CSCA نے 2018ءمیں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ میں حصہ لیا تھا اور اس کی کارکردگی شاندار رہی تھی، ہم نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی اس مرتبہ ورلڈکپ 9 فروری سے سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے اس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز جلد ہی ہوں گے۔ کینیڈا بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ صوبائی سطح پر ہمیں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا اور پھر انتخاب ہو سکے گا اس وقت 16 ممالک میں سینئرز کھلاڑیوں کی کرکٹ ٹیمیں ہیں، کینیڈا میں کرکٹ بڑے پیمانے پر کھیلی جاتی ہے اور پسند کی جاتی ہے۔ کھلاڑی پرجوش ہیں۔ 40، 50، 60 سال بلکہ 70 سال کی عمر کے لوگ بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس کے لئے ہمیں کہیں سے کوئی فنڈز دستیاب نہیں ہیں بلکہ ہم اپنے طور پر اخراجات کرتے ہیں، صرف چند اداروں سے اسپانسر شپ دستیاب ہے۔ ٹرائلز سے ہم 19 کھلاڑیوں کو انتخاب کریں گے۔ CSCA نے گزشتہ برس پاکستان کا بھی دورہ کیا تھا۔ عہدے داروں نے بتایا کہ ورلڈکپ میں ہم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ تجربہ کار کھلاڑی خود کو جوان محسوس کرتے ہیں۔ کرکٹ کینیڈا کے اعتماد کو برقرار رکھیں گے۔
٭….٭….٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں