248

امریکی صدر کی مظاہرین کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں بڑھتے ہوئے مظاہروں اور احتجاج کو روکنے کے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد بگڑتی ہوئی صورتحال اور مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر شہری انتظامیہ یا ریاست کی جانب سے مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن نہیں لیا جاتا تو میں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے امریکی فوج کو بھیجوں گا جو فوری طور پر مسئلہ کو حل کردے گی۔
دوسری جانب پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد اہل خانہ نے اس کا پوسٹ مارٹم کروایا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق جارج کی موت دم گھٹنے سے ہوئی، لواحقین کے وکیل کا کہنا ہے کہ موت دل کے امراض کی وجہ سے نہیں ہوئی، جیسا کہ سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس تحویل میں قتل کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت آگئی ہے، امریکی صدر کے خطاب سے پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے وائٹ ہاو¿س کے باہر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں بھی برسائی گئیں جب کہ کینٹکی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص بھی ہلاک ہو گیا۔ واشنگٹن سمیت 23 ریاستوں میں نیشنل سیکورٹی گارڈز کو تعینات کردیا گیا ہے جب کہ ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لیے امریکا کے 40 شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں جلاو¿ گھیراو¿ کے الزام میں 5 ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں