268

جوئے کی کمپنی سے معاہدہ، فرنچائزز لاعلم

کراچی: پی ایس ایل فرنچائزز بھی جوئے کی کمپنی کے ساتھ معاہدے سے لاعلم نکلیں، انھیں میڈیا رپورٹس سے ہی اس کا علم ہوا۔
ایک رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے لائیو اسٹریمنگ حقوق ایک غیرملکی جوئے کی کمپنی کو فروخت کر دیے گئے تھے، جس نے اپنی ویب سائٹ پر میچز دکھا کر شرطیں وصول کیں۔
اس حوالے سے پی سی بی کا موقف تھا کہ اس کے براڈکاسٹ پارٹنر نے بتائے بغیریہ معاہدہ کیا، جیسے ہی اس کا پتا چلا اسے خط لکھ کر وضاحت طلب کر لی گئی تھی اور بات چیت کا سلسلہ ابھی جاری ہے، سابق کپتان جاوید میانداد نے اس معاملے کی غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ سطح پر بھی میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا گیا ہے، البتہ چونکہ حکام ابھی کورونا کے مسئلے سے نمٹنے میں مصروف ہیں اس لیے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیںآیا، جیسے ہی عالمی وبا ختم ہوئی کوئی نہ کوئی ایکشن ضرور لیا جائے گا۔
دوسری جانب نمائندہ کے استفسار پر پی ایس ایل فرنچائزز نے بھی مذکورہ ڈیل سے لاعلمی ظاہر کی، ان کے مطابق انھیں میڈیا سے ہی اس کا علم ہوا، جب حالات بہتر ہوئے تو یقیناً بورڈ سے بات کی جائے گی۔
ادھر لائیو اسٹریمنگ تنازع میں کسی پیش رفت یا جاوید میانداد کی جانب سے غیرجانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے پر پی سی بی ترجمان نے جواب دینے سے گریز کیا، ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن حسن برنی نے کہا کہ فی الحال وہ ان امور پرکچھ نہیں کہہ سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں