656

راحت علی کے بولڈ نے وسیم اکرم کی یاد تازہ کردی

پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی آج سے شارجہ میں دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جہاں پہلے مرحلے میں چند یادگار لمحات نے شائقین و ماہرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا وہیں دوسرے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں راحت علی کی عمدہ گیند نے بھی شائقین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔
شارجہ میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے راحت علی نے آصف علی کو گیند کرائی جو مڈل اسٹمپ پر پڑنے کے بعد تھوڑی سی باہر نکلی اور آصف کی آف اسٹمپ کو اڑا گئی۔
راحت علی کی اس گیند کی جہاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بے انتہا تعریف کی گئی وہیں اس گیند نے سوئنگ کے شہنشاہ وسیم اکرم کی اس خوبصورت گیند کی یاد بھی تازہ کردی جس پر انہوں نے راہول ڈراوڈ کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے کیا تھا۔
1999ء میں قومی ٹیم کے دورہ بھارت کے موقع پر چنئی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 271 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو وسیم اکرم کی گیند پر امپائرز نے ڈراوڈ کو ایل بی ڈبلیو قرار نہ دیا حالانکہ ری پلے سے صاف طاہر تھا کہ گیند وکٹوں کو ہٹ کر رہی تھی۔
ایک گیند بعد ہی سوئنگ کے سلطان نے خوبصورت گیند پر راہول ڈراوڈ کی وکٹیں بکھیر کر ایک مرتبہ شائقین کی یادوں پر شاندار بائولنگ پر گہرے نقوش چھوڑ دیے جو آج بھی قائم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں