368

مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے، شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ 17 اگست سے مزید 10 ٹرینیں چلائی جائیں گی، ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ کا گیم چینجر ہے، ایم ایل ون کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کو جاتا ہے۔ عمران خان اورادارے ایک پیج پر ہیں، پاک فوج اور عمران خان کی حکومت ایک گاڑی کے 2 پہیے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پتھروں والا جلوس نکالا، مریم نواز کی پیشی پر راولپنڈی سے بھی ویگنز کرایہ پر لی گئیں، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے۔ شہباز شریف اور حمزہ شریف پر الزامات کی نوعیت سنجیدہ ہے، شریف خاندان کا ایک ہی مقصد ان کے خلاف کیسز ختم کئے جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلا سکتی، میں عمران خان کو اس اپوزیشن کے ہاتھوں زچ ہوتے نہیں دیکھتا، اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، ان کے لئے لوگ باہر نہیں نکلیں گے، محرم آگیا ہے اور اس کے بعد صفر شروع ہوگا، اے پی سی کی تاریخ دی تھی ،کہاں ہے اب اے سی پی یہ سمجھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ استعمال کرلیں گے۔ مولانا فضل الرحمان جاگتے رہیں، ان کے بھروسے پر نہ رہیں، ان لوگوں کو صرف این آر او چاہیئں، نیب کوختم کرنے کا مقصد ان کے خلاف کیسز ختم کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر نکل جائیں۔ مولانا فضل الرحمان کی بھول ہے کہ یہ اسمبلیاں چھوڑدیں گے، ان کوا سمبلی کی وجہ سے پروٹوکول مل رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مدینہ اور کعبہ ہمارا ہے، سعودی عرب ہمارا آزمودہ ، تاریخی، حقیقی اور دل کے قریب دوست ملک ہے، اور تاریخی طور پر اس دوستی کو آگے لے کر لے گا، ہمارے درمیان غلط فہمیاں دور ہوچکی ہیں، جو تھوڑی بہت ہیں وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے دورے سے ختم ہوجائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں