ممبئی: بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ دپیکا ککڑ کے پہلی افطار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حال ہی میں ہندو مذہب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے اور ایک مسلم اداکار شعیب ابراہیم سے رشتہ ازدواج میں بندھنے والی نامور اداکارہ دپیکا ککڑ(فائزہ شعیب ابراہیم) کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنا پہلا افطار کرتی نظر آرہی ہیں۔
یہ ویڈیو دراصل اس وقت کی ہے جب دپیکا اور شعیب نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دپیکا، شعیب کے اسلامی طرز زندگی سے بہت زیادہ متاثر تھیں اور زیادہ سے زیادہ وقت ان کے گھر والوں کے ساتھ گزاررہی تھیں تاکہ انہیں اسلامی روایات کے متعلق معلومات حاصل ہوں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سال قبل دپیکا رمضان المبارک کے مہینے میں اپنے سسرالیوں کے ہمراہ نہ صرف افطاری کی تیاری کرتی نظر آرہی ہیں بلکہ ان کے ساتھ بیٹھ کر افطاری بھی کررہی ہیں، اور بہت زیادہ خوش ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عید الفطر کی تیاریوں کے حوالے سے منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹی وی کی یہ خوبصورت جوڑی گزشتہ ماہ 22 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھی تھی اور اپنی شادی کے تقریباً 10 دن بعد دپیکا نے مسلمان ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ہندو مذہب چھوڑ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوکر شعیب سے شادی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنا نام دپیکا سے تبدیل کرکے ”فائزہ شعیب ابراہیم“ کرلیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی ایک سال قبل افطاری کی یہ ویڈیو ایک بار پھر انٹرنیٹ وائرل ہورہی ہے۔