584

ایشین گیمز: پاکستان اور بھارتی ہاکی ٹیم گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر

ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں اور جاپان اور ملائیشیا کی ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نسبتاً کمزور حریف جاپان سے تھا لیکن گزشتہ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی ٹیم سیمی فائنل میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں جاپان کو پینالٹی کارنر ملا جس پر شوٹا یماڈا نے میچ کا واحد گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی اور مقابلہ برابر کرنے کی متعدد کوششیں کی لیکن وہ ان کی کوئی بھی کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور جاپان نے دن کا دوسرا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو 0-1 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی۔ میچ میں پاکستانی ٹیم کو 4 پینالٹی کارنر ملے جس میں سے وہ کسی کو بھی گول میں تبدیل نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم راو¿نڈ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے اپنے پانچوں میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے قبل ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں گولڈ میڈل کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی بھارتی ٹیم کا مقابلہ ملائیشیا سے تھا۔ بھارتی ٹیم نے میچ کی ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد پینالٹی کارنر بھی حاصل کیے لیکن وہ کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔
بھارت کے خلاف ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد ملائیشیا کے کھلاڑی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ملائیشیا کی ٹیم نے بھی میچ میں برتری کے حصول کی کوششیں کیں لیکن ان کی یہ کوششیں کارگر ثابت نہ ہوئیں اور دونوں ٹیمیں میچ کے ابتدائی دونوں کوارٹرز میں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکی۔
ابتدائی 30منٹ کے کھیل کے بعد میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی بھارت کو ایک پینالٹی کارنر ملا جس پر ہرمن پریت سنگھ نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ چند منٹ بعد ہی بھارت کو ایک اور پینالٹی کارنر ملا لیکن اس پر وہ کوئی گول اسکور نہ کر سکے البتہ میچ کے 39ویں منٹ میں ملائیشیا کو ملنے والے پینالٹی کارنر پر فیصل ساری نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ تاہم اس سنسنی خیز کوارٹر میں گول کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا اور ابھی ملائیشیا کو گول کیے ایک منٹ بھی نہیں گزرا تھا کہ بھارت کو ملنے والے ایک اور پینالٹی کارنر پر ور±ن کمار نے گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں دوبارہ برتری دلا دی جو اس کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔ میچ کے آخری کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کے حصول کی کوششیں جاری رکھیں لیکن بھارت کی ٹیم نے نسبتاً دفاعی انداز اپنایا جس کا خمیازہ انہیں اس وقت بھگتنا پڑا جب میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل محمد رضی رحیم نے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ برابر ہونے پر پینالٹی شوٹ آو¿ٹ کا سلسلہ شروع ہوا اور بھارت کے من پریت سنگھ نے پینالٹی پر غلطی کر کے اسے ضائع کردیا لیکن ملائیشیا کے محمد فرحان اشعری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ آکاش دیپ سنگھ نے دوسری پینالٹی پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا لیکن ملائیشیا کے تاج الدین احمد نے دوسری پینالٹی ضائع کر کے برتری کا نادر موقع گنوا دیا۔ اس کے بعد بھارت اور ملائیشیا دونوں ٹیموں نے لگاتار دو پینالٹی شوٹ آو¿ٹ ضائع کیں اور دونوں ہی ٹیمیں گول نہ کر سکیں۔ تاہم بعد میں دونوں ٹیموں نے اگلی چار پینالٹیز پر لگاتار گول اسکور کیے جس سے مقابلہ 6-6 سے گول سے برابر ہو گیا۔ میچ کے فیصلہ کن مرحلے میں ملائیشیا کی جانب سے تاج الدین احمد نے گول اسکور کیا لیکن بھارت کے سنیل سومر پریت نے پینالٹی ضائع کردی جس کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ ملائیشیا نے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پینالٹی شوٹ آو¿ٹ پر 6-7 سے فتح حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ جاپان سے ہو گا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں یکم ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں