627

بیگم کلثوم نوازکی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل، لوگوں کی آمد جاری

لاہور: شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا میں ادا کی جائے گی، انہیں نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ کی امامت کریں گے، پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 17 ستمبر تک پرول پر رہا کررکھا ہے تاہم مرحومہ کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز شرکت نہیں کرسکیں گے۔
سیاسی قائدین کی شرکت
نماز جنازہ میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کے قائدین کے علاوہ سیاسی رہنماو¿ں اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کلثوم نواز کا جسد خاکی
بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی جمعے کی صبح پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور لایا گیا، میت کے ہمراہ شہباز شریف، اسما نواز، داماد عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹوں سمیت خاندان کے 14 افراد بھی تھے۔
لاہورایئرپورٹ پر پہلے سے موجود حمزہ شہباز، سلمان شہباز اورجنید صفدر نے بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی جس کے بعد میت کو سخت سیکیورٹی حصارمیں شریف میڈیکل سٹی جاتی امرا پہنچایا گیا۔
لندن میں نماز جنازہ
گزشتہ روز سابق خاتون اول کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں بھی نماز جنازہ ادا کی جا چکی ہے جس میں شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، چودھری نثار اوراسحاق ڈار کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔
واضح رہے کہ بیگم کلثوم نوازگزشتہ برس سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور لندن میں ان کا علاج جاری تھا۔ وہ 11 ستمبر کو خالق حقیقی سے جاملی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں