648

نواز شریف، مریم اور صفدر جیل سے رہا، جاتی امرا پہنچ گئے

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل کرکے انہیں رہا کردیا جس کے بعد تینوں افراد لاہور میں اپنی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کے دلائل اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے جوابی دلائل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کی اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کا حکم معطل رہے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی جب کہ عدالت کے اندر اورباہر موجود لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیں اورمٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب اور دیگر لیگی خواتین کے خوشی سے آنسو نکل آئے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے ضمانتی مچلکے ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جمع کرا ئے جس کے بعد روبکار جاری کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کو روبکار موصول ہونے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو رہا کردیا گیا۔
رہائی کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دیگر لیگی رہنماو¿ں کے ہمراہ قافلے کی صورت میں نورخان ایئربیس آئے اور وہاں موجود خصوصی طیارے کے ذریعے تینوں افراد لاہور پہنچے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا استقبال کیا اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی۔
نواز شریف کی رہائی کی خبر ملتے ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کارکنوں نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں