واشنگٹن: امریکا نے اپنے پادری کو رہا نہ کرنے پر ترکی کو مزید پابندیوں کی دھمکی دے دی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ امریکی پادری کو رہا نہ کیا گیا تو ترکی پر مزید پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ترکی برسوں تک امریکا سے فائدے حاصل کرتا رہا لیکن اب امریکی پادری اینڈریو برونسن کو بلاجواز طور پر یرغمال بنا رکھا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ترکی میں گرفتار بے گناہ امریکی پادری کے لیے امریکا کوئی قیمت ادا نہیں کرے گا البتہ ترکی کو اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے مزید خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا جس کے لیے انقرہ تیار رہے۔
امریکی پابندیوں کی وجہ سے ترک کرنسی لیرا کی قدر کو پہلے ہی مسلسل گراوٹ کا سامنا ہے جس سے ترکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب ترکی نے امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تجارتی لین دین کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی میں مقیم امریکی پادری اینڈریو برونسن کو 2016ءمیں ناکام فوجی بغاوت میں معاونت کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا اور حال ہی میں ترک عدالت نے انہیں جیل سے گھر منتقل کر کے نظربند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر امریکا نے شدید مخالفت کرتے ہوئے پادری کی رہائی کا مطالبہ کررکھا ہے۔
563