لندن: نومنتخب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پاکستانی نژاد ساجد جاوید کو وزیرخزانہ مقرر کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے منتخب وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی کابینہ کی تشکیل شروع کر دی ہے، اور سب سے پہلے انہوں نے پاکستانی نڑاد ساجد جاوید کو وزیرخزانہ کے عہدے پر فائز کیا ہے۔
ساجد جاوید برطانوی وزیرخزانہ کے عہدے پر فائز ہونے والے پہلےغیرسفید فام رکن پارلیمنٹ ہیں. برطانیہ میں وزیرخزانہ کا عہدہ وزیراعظم کے بعد اہم ترین تصور کیا جاتا ہے، ساجد جاوید اس سے قبل تھریسامے کی حکومت میں وزیر داخلہ کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 49 سالہ ساجد جاوید پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے ہیں اور ان کی پیدائش روش ڈیل میں ہوئی ہے وہ ڈوئچے بینک کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے ہیں، تھریسامے کے مستعفیٰ ہونے کے بعد ساجد جاوید وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار بھی تھے۔
ساجد جاوید پہلے برطانوی وزیرِ خزانہ ہیں جو برطانوی اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں اور برطانیہ میں یہ عہدہ چانسلر آف ایکسچیکر بھی کہلاتا ہے۔
482