591

گلوبل ٹی ٹونٹی کینیڈا کے لیے 5 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری

لاہور: گلوبل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لیے 5 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری کردیے گئے ہیں۔قومی ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کو کینیڈا میں شیڈول گلوبل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لیے این او سی جاری کردیے گئے ہیں۔ ان کرکٹرز میں سابق کپتان شعیب ملک،آل راﺅنڈر محمد حفیظ، فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض، لیگ اسپنر شاداب خان اورمڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی یہ لیگ 25 جولائی سے انٹاریو میں کھیلی جارہی ہے جس کا فائنل 11 اگست کو شیڈول ہے، اس لیگ میں سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شرکت کررہے ہیں جن کو پی سی بی کی جانب سے این اوسی کی ضرورت نہیں،قومی اوپنر فخر زمان نے بھی این اوسی کے لیے درخواست دی تھی تاہم ان کا کیس بعد میں دیکھاجائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دوسری لیگز میں قومی کرکٹرز شریک ہوسکیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ بھی بعد میں کیاجائے گا، فی الحال کینیڈا لیگ کے لیے جن کھلاڑیوں نے معاہدے کیے ہیں ان کو کھیلنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کچھ قومی کھلاڑیوں کو انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں شرکت کیلئے این او سی جاری کئے گئے ہیں جن کے تحت بابر اعظم سمرسیٹ،محمد عامر ایسیکس،فخر زمان گلیمورگن اور فہیم اشرف نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کریں گے جبکہ عماد وسیم بھی کسی کاﺅنٹی کی جانب سے کھیلنے کیلئے درخواست دینے والے ہیں۔پی سی بی ذرائع کے مطابق رواں ماہ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں این او سی کی پالیسی پر نظر ثانی کا قوی امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں