642

ایل او سی پر اشتعال انگیزی؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے ایل او سی پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر احتجاج کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔
ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے بھارت رواں برس 370 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 16 شہری شہید اور 66 زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جانا قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کا معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے، بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔
واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں