674

نیب ریفرنسز؛ نوازشریف کی دو ہفتے کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت میں حاضری سے دو ہفتے کے استثنیٰ کی درخواست کردی۔
نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث طلب کیے گئے استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات بھی قلمبند نہ ہوسکے۔ نوازشریف نے دو ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ مانگا۔ نوازشریف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اہلیہ کی عیادت کیلئے برطانیہ جانا ہے جس کے باعث 19 فروری سے دو ہفتے کے لئے دیا جائے۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ آرہے ہیں مگر شہادتیں ریکارڈ نہیں ہورہیں، ہر سماعت پر کوئی نہ کوئی بہانہ کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کبھی سماعت میں التواءنہیں مانگا۔ عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹرنے کہا ویڈیو لنک پربیان 22 فروری کو ریکارڈ کر لیں تاہم مریم نواز کے وکیل نے کہا انہیں انتظامات کیلئے 15 دن کا وقت دیں۔ عدالت نے غیرملکی گواہوں کے ویڈیو لنک پر بیانات 22 فروری کو لینے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسوں کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں ضمنی ریفرنس منظورکرلیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں