691

پی ایس ایل تھری فائنل کیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں انتظامات جاری

کراچی: کراچی میں پی ایس ایل تھری کا فائنل کرانے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں انتظامات کوحتمی شکل دینے کی کوششیں تیز کر دی گئیں۔
ان دنوں متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل 3 کے فائنل کے لیے کراچی نیشنل اسٹیڈیم پر جاری کام میں تیزی آگئی،ایک جائزے کے مطابق اتوار کواسٹیڈیم میں جاری کام میں انتہائی تیزی دیکھنے میں آئی، کام کرنے والے عملے کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا۔

تماشائیوں کے لیے نشستوں کی تنصیب کے کام میں بھی تیزی نظر آئی،ظہیر عباس انکلیوڑر میں ایک ہزار62نشستوں کی دوبارہ تنصیب کا کام اگلے چند یوم میں مکمل ہونے کی توقع ہے،دونوں ٹیموں کے لیے ازسرنوبنائے جانے والے ڈریسنگ رومز میں بھی کام تیزی سے جاری ہے، جدید طرز کے باتھ رومز کی تعمیرمکمل ہوگئی تاہم کھلاڑیوں کے لاکرز بنائے جارہے ہیں۔
ڈریسنگ رومز میں اگلے چند یوم میں فرنیچر بھی پہنچنے کا امکان ہے تاہم مرکزی عمارت کے دونوں جانب پندرہ، پندرہ ہوسپیٹلیٹی باکسز کے تعمیراتی کام بھی جلد پایہ تکیمل تک پہنچانے کے لیے کوششوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دونوں جانب جدید طرزکی وسیع لفٹس کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا۔
ایونٹ کی کوریج کے لیے آنے والے مقامی اور غیرملکی صحافیوں کے لیے بنائے جانے والے میڈیا باکس بھی تیاری کے مراحل سے گزرگئے اور باتھ رومز بھی تیار کر لیے گئے لیکن مرکزی عمارت میں اہم شخصیات کے میچ دیکھنے کے لیے دونوں طرف قائم چیئرمین باکسز مخدوش قرار دیے جانے کے سبب بند رہیں گے۔
چیئرمین اے اور بی باکس کو خطرناک قراردیتے ہوئے سرخ نشان لگا کربندکردیاگیا ہے، ان کی ازسرنوتعمیرفائنل کے بعد فیزٹومیں ہوگی، معلوم ہوا ہے کہ فائنل کے لیے مدعو اہم ترین شخصیات بشمول آئی سی سی حکام کو چیئرمین آفس میں بیٹھ کرمیچ دیکھنے کی دعوت دی جائے گی، تاہم اس مقام پر پندرہ سے زائد افرادکے بیٹھنے کی گنجائش نہیں۔
مزید براں 6 برس سے بند گیلری بھی قابل استعمال نہیں، چنانچہ اسے بھی زیراستعمال نہیں لایا جاسکے گا،میچ کوبراہ راست نشرکرنے والے غیرملکی ادارے کے لیے گرائونڈ فلور پرجگہ متعین کردی گئی ہے جبکہ فائنل کے موقع پرامن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اورسیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔
اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں لگائے جانے والے سوکے لگ بھگ خفیہ کیمروں کی نگرانی کے لیے ایل سی ڈی لگانے کا عمل بھی اگلے چند روز میں شروع ہوجائے گا،کسی بھی منفی سرگرمی سے نمٹنے کے لیے دس عدد ہائی اسپیڈ زوم کیمروں کی تنصیب کر دی گئی ہے، دوسری جانب اسٹیڈیم کے اطراف میں تجاوزات سیکیورٹی رسک نظر آئی ہیں۔
سر شاہ سلیمان روڈ پر اسٹیڈیم کی دیوار سے ملحق قائم ٹائر کی دکان خطرے کی علامت ہے جبکہ شاپنگ سینٹرز اور نجی درسگاہ کے سامنے کھڑی کی جانے والی گاڑیاں بھی خطرناک ہو سکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی پیر کی صبح لاہور سے کراچی پہنچ رہے ہیں، بعدازاں وہ اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کریں گے، اس موقع پران کو بریفنگ بھی دی جائے گی، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کے فائنل کے انعقادکے حوالے سے حتمی فیصلہ کا اعلان کریں گے،اس موقع پرفائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے بھی اعلان بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ غیر ملکی سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی رپورٹ بورڈ کو پیش کر تے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ سیکیورٹی پلان کو موزوں اور بہترین قرار دیا تھا تاہم ڈیرھ ارب روپے کی لاگت کا تعمیراتی منصوبہ تاخیر کا شکار رہا ہے۔
یکم نومبر سے شروع ہونے والے پہلے فیز کے کام کو تین ماہ میں مکمل ہونا تھا، 30 جنوری کے بعد 15 فروری تک کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، بعدازاں 15 مارچ تک اسٹیڈیم تیارکرلینے کا وعدہ کیا گیا تاہم اب 25 مارچ کو شیڈول فائنل کے لیے اسٹیڈیم تیار کرلینے کا عندیہ دیا گیا ہے ،نجم سیٹھی پہلے ہی بی پلان کے تحت فائنل کے لیے لاہور کو متبادل قرار دے چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں