آصف علی زرداری دوسری بار پاکستان کے صدر منتخب 97

آصف علی زرداری دوسری بار پاکستان کے صدر منتخب

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھاری اکثریت کے ساتھ دوسری بار پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے اور حلف برداری کی تقریب آج منعقد ہوگی۔

ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی، قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاو ¿س اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں۔

نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مجموعی طور پر الیکٹوول کالج کے 1185 نشستوں میں سے 92 نشستیں خالی ہیں، جس کے نتیجے میں 1093 ووٹرز صدارتی الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے اہل تھے لیکن 1044 اراکین اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور 9 ووٹ مسترد ہوئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج میں بتایا گیا کہ صدارتی انتخاب میں 1035 ووٹ درست قرار دیے گئے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 255 اور محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔

پنجاب اسمبلی سے آصف زرداری کو 246 اور محمود اچکزئی کو 100 ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی سے آصف زرداری کو 151 اور محمود اچکزئی کو 9 ووٹ ملے۔ بلوچستان اسمبلی سے آصف زرداری کو 47 ووٹ ملے جب کہ محمود خان اچکزئی کو ایک بھی ووٹ نہیں ملا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے محمود خان اچکزئی نے 91 ووٹ اور آصف زرداری نے 17 ووٹ حاصل کیے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ صدارتی الیکشن کا سرکاری نتیجہ آج فارم 7کی شکل میں جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں