امریکہ، بھارت اتحاد خطہ کیلئے تشویشناک ہے، عمران خان 360

امریکہ، بھارت اتحاد خطہ کیلئے تشویشناک ہے، عمران خان

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت کا باہمی اتحاد خطہ کے لئے تشویشناک ہے۔ پاکستان ہر ممکن تعاون کررہا ہے کہ امریکہ کی افواج بحفاظت افغانستان سے نکل جائیں مگر امریکی فوج کے انخلاءکے بعد پیدا ہونے والی صورتحال خوش آئند دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان Do More کے بجائے No More کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے اور امریکہ سے برابری کی بنیادوں پر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم اپنے ایسے کسی معاملہ پر سمجھوتا نہیں کر سکتا جس سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دل چین کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ کسی بھی دباﺅ میں آکر چین کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کریں گے۔ مغربی ممالک اور امریکہ جس قدر چاہیں ہم پر دباﺅ ڈالیں اور بھارت کے ساتھ معاہدے کریں ہم اپنے اصولی موقف پر ہیں اور تمام ممالک سے برابری کے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیر اعظم نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان کے معاشی مستقبل کے لئے نہایت اہم ہے اور چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھایا ہے چنانچہ ہم سی پیک پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کریں گے اور مغربی طاقتوں اور امریکہ کو اگر سی پیک کھٹکتا ہے تو ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ ہم مضبوطی کے ساتھ چین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور مغربی طاقتوں اور امریکہ سے بھی اچھے مراسم رکھنا چاہتے ہیں چنانچہ ہمیں بند گلی میں دکھیلنے کی کوشش نہ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں