640

سابق خاتون اول کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا

لاہور: سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ اور سابق خاتون اول کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا۔
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائی، جس کے بعد انہیں جاتی امراءمیں اپنے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی قبور کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں شریف خاندان اور عام افراد کے لیے علیحدہ علیحدہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
سابق خاتون اول کی نماز جنازہ میں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، حسن اور حسین نواز کے صاحبزادے، سابق صدر ممنون حسین، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، میاں محمود الرشید، مخدوم جاوید ہاشمی، مولانا فضل الرحمٰن، راجا ظفر الحق، اقبال ظفر جھگڑا، پرویز الہٰی، سابق وزراءاعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، پی پی رہنما خورشید شاہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نماز جنازہ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنماو¿ں کے علاوہ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماو¿ں نے بھی شرکت کی۔
نماز جنازہ سے قبل کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگ سابق خاتون اول کے انتقال پر شریف خاندان سے اظہار تعزیت کرتے رہے۔ کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین کے سلسلے میں جاتی امرا اور شریف میڈیکل سٹی کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں