مسلم کمیونٹی جی ٹی اے کی جانب سے ٹریلیم ہیلتھ پارٹنرز نے کریڈٹ ویلی ہسپتال کی نئی بلڈنگ کی کنسٹرکشن کے لئے 5 ملین ڈالر کا عطیہ دینے کے وعدے کی تکمیل میں جس میں تقریباً 45000 ڈالرز جمع ہو چکے ہیں مزید 15000 ڈالر دی ایمپائر رئیلٹی کے مالک محمد جاوید نے عطیہ کیا جب کہ ان کے صاحبزادے احشام خان نے بھی اپنی پاکٹ منی سے 500 ڈالر کا عطیہ دیا۔ محمد جاوید نے بتایا کہ میرے والد محمد اقبال کا یہ خواب تھا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے چنانچہ اپنے والد کی اس ہدایت اور خواب کو پورا کرنے کے لئے محمد جاوید اور ان کے صاحبزادے نے یہ عطیات دیئے۔ اس موقع پر UIC کے چیئرمین فصیح سید، اویس اقبال، ایم پی اے اقراءخالد، پیل ریجن کی ٹرسٹی نوکا اور کیتھلین سائمک کے علاوہ عمائدین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی ممبر پارلیمنٹ اقراءخالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد جاوید ہمیشہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے پیش پیش رہتے ہیں اور ہماری کمیونٹی کو بھی ان نیک کاموں کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے محمد جاوید کے اس اقدام کو سراہا۔ پیل ریجن کی ٹرسٹی نوکا، ٹریلیم ہیلتھ پارٹنرز کی مینجر کیتھلین سائمک نے بھی محمد جاوید کا دی ایمپائر رئیلٹی کی جانب سے دیئے جانے والے 15000 ڈالرز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اس رقم سے نئی بلڈنگ کی کنسٹرکشن کے علاوہ ہسپتال کی بیرونی دیوار پر نبی کریم کی حدیث مبارکہ چسپاں کرنا بھی شامل ہے جو کہ کینیڈا کی تاریخ میںپہلی بار کسی ہسپتال کے باہر نظر آئے گا۔ یوں وہاں سے گزرنے والی ہر گاڑی نبی کریم کی اس حدیث کو پڑھے بغیر نہیں نکل سکے گی اور یقیناً اس کا ثواب اس عمل کو آگے بڑھانے والوں کے حصہ میں آئے گا۔ مسلم کمیونٹی آف جی ٹی اے کے عہدیداران نے بھی محمد جاوید اور ان کے صاحبزادے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ کمیونٹی کے دیگر افراد بھی 5 ملین کے وعدے کو پورا کرنے میں ہماری مدد کریں گے۔
