اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) لاہور سمیت پنجاب میں تحریک انصاف کے عہدیداروں کو گرفتار کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری کے لئے افسران سے رابطہ بھی تیز کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور قائم مقام وزیر اعلیٰ محسن نقوی جنہیں آصف علی زرداری اپنا بچہ کہہ کر پکارتے ہیں، لگتا ہے فیصلہ کر چکے ہیں کہ پورے پنجاب میں تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاﺅن رکھا جائے اور کوئی بھی احتجاج کے لئے نکلے تو اُسے گرفتار کرلیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے متحرک کارکنوں کی فہرستیں بھی متعلقہ پولیس افسران کے حوالے کردی گئی ہیں۔ یہاں حکومت کے اس اقدام سے اس بات کو بھی تقویت ملتی ہے کہ ملک کے ادارے اور سیاسی جماعتیں عمران خان کی جیت سے خوفزدہ ہیں اس لئے اُس وقت تک الیکشن کی تاریخ نہیں دی جائے گی جب تک تحریک انصاف کو الیکشن سے قبل کمزور نہ کردیا جائے۔
