643

پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسلنے لگی

شارجہ: پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسلنے لگی، 8 میچز میں 3 فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے باقی دونوں میچز جیتنے کے ساتھ ملتان سلطانز کی ایک اور کراچی کنگز کی دونوں میچز میں ناکامی کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔
پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں پیر کو آرام کا دن تھا، ایونٹ کا 25 واں میچ منگل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان شارجہ کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اسی وینیو پر راؤنڈ روبن لیگ مرحلے کے 30 میچز کا سلسلہ 16 مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔ کوالیفائر میچ 18 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے، الیمنیٹر ون اور ٹو میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 20 اور 21 مارچ کو ہوں گے جب کہ فائنل 25 تاریخ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اس وقت پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر بہت ہی دلچسپ صورتحال ہے، لاہور قلندرز کو مسلسل 6 شکستوں کے بعد 2 فتوحات حاصل ہوئیں، ناقص کارکردگی کی وجہ سے فرنچائز کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، اگلے دونوں میچز میں فتوحات بھی اسے پلے آف مرحلے تک رسائی نہیں دلا سکتیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں، دونوں ٹیموں کو بالترتیب 2 اور 3 میچز مزید کھیلنا ہیں، ان میں سے ایک میں دونوں آپس میں برتری کی جنگ بھی لڑیں گی، باہمی مقابلے کی فاتح ٹیم 12 پوائنٹس لے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرجائے گی، ہارنے والی کے پاس پھر بھی پیش قدمی جاری رکھنے کا موقع ہوگا۔
پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اصل دوڑ کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان ہے، لاہور قلندرز کے بعد ان میں سے بھی کسی ایک ٹیم کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے، 9 میچز میں اتنے ہی پوائنٹس کی حامل ملتان سلطانز کی منگل کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح اسے ایونٹ سے اخراج کی فکر سے دور کردے گی۔ شکست کی صورت میں ابھی تک 6 پوائنٹس جوڑنے والی پشاور زلمی کی باقی 2 میچز میں سے کسی ایک میں شکست کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اگر پشاور نے دونوں میچز میں کامیابی کے ساتھ اپنے پوائنٹس کی تعداد 10 کرلی تو کراچی کنگز کی دونوں میچز میں شکست کی دعا کرنا ہوگی، جس کے ابھی 8 میچز میں 9 پوائنٹس ہیں۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں کے ہی 9، 9 پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کی بدولت کراچی تیسرے اور ملتان چوتھے نمبر پر ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ منگل سے شارجہ میں شروع ہونے والے لیگ میچز کے آخری مرحلے میں پشاور زلمی کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے خلاف میچز کھیلنا ہیں، کراچی کو دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور کراچی کنگز کے پاس
دوسری جانب پچز سپورٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک کھیلے جانے والے میچز میں ایک بار بھی کوئی ٹیم 200 کا ہندسہ عبور نہیں کرپائی، سب سے بڑا مجموعہ 3 وکٹ پر 188 رنز کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف بنایا، دوسرا بڑا اسکور 3 وکٹ پر 183 ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف بنایا، تیسرا بڑا ٹوٹل 5 وکٹ پر 182 اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے مقابل کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔

لاہور قلندر کا سب سے کم اسکور
اسی طرح کم سے کم اسکور 100 پر لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی سے میچ میں ڈھیر ہوئی، ملتان سطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو 102 تک محدود رکھا، پھر خود بھی اسلام آباد کے خلاف صرف 113 سے آگے نہیں بڑھ پائے۔

شین واٹسن کامیاب بیٹسمین
انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے شین واٹسن 299 رنز کے ساتھ ایونٹ کے اب تک سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔ کمار سنگاکارا 268، بابر اعظم 244، محمد حفیظ 225، ڈیوائن اسمتھ 223، لیوک رونکی 221، شعیب ملک 212 اور برینڈن میک کولم 206 رنز بنا چکے ہیں۔

عمران طاہر کامیاب بالر
اسی طرح بولرز میں عمران طاہر 12 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، وہاب ریاض 11، شاہد آفریدی، فہیم اشرف، محمد عرفان جونیئر، محمد عرفان سینئر، شین واٹسن 10، 10، محمد سمیع 9، سمت پٹیل، عمید آصف، سنیل نارائن، سہیل خان اور راحت علی 8، 8 شکار کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں