523

نواز شریف اہلیہ کی بیماری کو حاضری سے استثنی کا جواز نہیں بناسکتے، احتساب عدالت

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
نیوزکے مطابق احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق اہلیہ کی بیماری کو ملزم کی عدالت حاضری سے استثنی کا جواز نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور وڈیو لنک بیان کے موقع پر لندن جا کر اٹارنی مقرر کرنے کا جواز بھی قابل تسلیم نہیں۔
احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے 6 سیشن مکمل ہو گئے ہیں، مریضہ کی بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جب کہ کینسر کے رسک کو کم کرنے اورمستقبل میں علاج کے لیے ریڈیو تھراپی کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نیب کی جانب سے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف کرپشن کے الزام میں العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور ایون فیلڈپراپرٹیز سمیت تین ریفرنسز دائر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں