پاکستان ہائی کمیشن اٹاوا- امیر خرم راٹھور کا کینیڈا کی سیاسی و سماجی زندگی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین، ٹورنٹو میں نادرا سنٹر بنایا جائے گا 355

پاکستان ہائی کمیشن اٹاوا

امیر خرم راٹھور کا کینیڈا کی سیاسی و سماجی زندگی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین، ٹورنٹو میں نادرا سنٹر بنایا جائے گا۔
کینیڈا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے کینیڈا میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی نے کینیڈا کی سماجی، ثقافتی اور سیاسی زندگی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے اور کینیڈا میں منعقد ہونے والےحالیہ انتخابات میں لگ بھگ تیس پاکستان نژاد کینیڈین کی شرکت اور ان میں سے چھ افراد کا کینیڈین کی پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر منتخب ہونا اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کمیونٹی نے کینیڈا میں اپنی ایک ممتاز شناخت بنا لی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہو گی۔
انہوں نے اس امر کا اظہار پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا اور قونصلیٹ آف پاکستان ٹورنٹو کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ای کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پاکستان قونصل جنرل ٹورنٹو عبد الحمید،پاکستان قونصل جنرل مانٹریال اشتیاق احمد عاقل اور پاکستان قونصل جنرل وینکوور جانباز خان سمیت پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ای کچہری میں جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بنکنگ اور ٹیکس سے متعلقہ آن لائن خدمات کی پائیدار فراہمی،سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم سکیم کے تحت کینیڈا کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں پاکستانی طلبا و طالبات کے داخلوں کی تعداد بڑھانے،کمیونٹی سطح پر یوم آزادی اور دیگر قومی دنوں کو منانے،روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھولنے کی صورت میں ٹیکس کے مسائل،نائیکوپ کی آسان تجدید اور ٹورنٹو میں نادرا سہولت سنٹر کے قیام جیسے أمور زیر بحث آئے۔
ای کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم کینیڈا کے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلبا و طالبات کی تعداد بڑھانے اور سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم کے تحت کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبا و طالبات کی راہنمائی کے لیے اگلے ماہ نومبر میں ایک آن لائن تعلیمی نمائش کا اہتمام کریں گے جس میں کینیڈا اور پاکستان سے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور سٹڈی پرمٹ کی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے ماہانہ ای کچہری کے انعقاد کا مقصد کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے مسلسل رابطہ اور مشاورت و فیڈ بیک کا سلسلہ بحال رکھنا ہے جسے آنے والے دنوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ای کچہری کے دوران بتایا گیا کہ نادرا نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو نائیکوپ اور دیگر دستاویزات کی آسان تیاری میں مدد کے لیے ٹورنٹو میں ایک کاونٹر کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں