51

نیویارک پولیس ہیڈکوارٹرز میں مسلم شناخت کی نئی روایت کا آغاز

نیویارک (رپورٹ: عظیم ایم میاں) امریکا میں مسلمان کمیونٹی نے بڑے اہتمام کے ساتھ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ مکمل کرلیا اس عرصے میں امریکا میں سب سے بڑی 32 ہزار افراد پر مشتمل نیویارک پولیس فورس نے مسلمانوں اور ماہ رمضان کے حوالے سے ایک نئی روایت کا اضافہ بھی کیا ہے۔ نیویارک پولیس میں شامل مختلف رنگ و نسل اور زبانیں بولنے والے 3 ہزار سے زائد مسلمان پولیس افسروں اور نیویارک میں آباد مسلم کمیونٹی کی مذہبی شناخت کو تسلیم کرنے کے تسلسل میں پہلی مرتبہ ماہ رمضان کے دوران ”مسلم شناخت کریسنٹ اینڈ اسٹار“ یعنی ہلال رمضان اور ستارہ کی علامت کو پولیس ہیڈکوارٹرز کی لابی میں نصب اور روشن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیویارک پولیس کی خاتون پولیس کمشنر جیسیکا ٹش اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پولیس کے مسلم امام کی اسلام اور دیگر الہامی مذاہب کے لئے رواداری اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں انگریزی میں خطاب سے ہوا جب کہ یہودی مذہبی رہنما یعنی ربی اور عیسائی چپلین نے بھی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباددیتے ہوئے مختصر خطاب کیا۔ نیویارک پولیس میں کئی سالوں سے قائم مسلمان پولیس افسروں کی تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نئے صدر پاکستانی نژادکیپٹن وحید اختر نے پولیس کمشنر اور دیگر مہمانوں کاخیرمقدم کرتے ہوئے پولیس ہیڈ کوارٹرز کی لابی میں چاند اور ستارہ کی مسلم شناخت کودوران رمضان روشن رکھنے کی نئی روایت کے اضافہ پر پولیس کمشنر کا شکریہ ادا کیا جب کہ پولیس کمشنر خاتون جیسیکا ٹش نے نیویارک پولیس میں شامل 3 ہزار مسلمان مرد و خواتین افسروں کی خدمات اور اہم رول ادا کرنے کی تعریف بھی کی۔ تقاریرکے اختتام پر مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر وحید اختر نے پولیس کمشنر کو لابی میں موجود چاند اور ستارہ پر مشتمل مسلم شناخت کوروشن کرنے کے لئے مدعو کیا جس سے نیویارک پولیس کی مسلم شناخت کو تسلیم کرنے کی ایک اور روایت کا اضافہ ہوگیا۔ یہ مسلم شناخت عیدالفطر تک روشن رہے گی۔ واضح رہے کہ آغاز رمضان سے قبل ہر سال پولیس ہیڈکوارٹرز میں ”استقبال رمضان“ کے عنوان سے آغاز رمضان سے قبل ایک بڑااجتماع منعقد کیا جاتا ہے جس میں نیویارک کی مساجد کے اماموں اور مسلم کمیونٹی کے نمائندوں کو استقبالیہ پر مدعو کرکے پولیس کمشنر اور دیگر حکام رمضان کے دوران مساجد پر پولیس سیکورٹی فراہم کرنے اور نمازیوں کیلئے کارپارکنگ کے ضوابط میں نرمی اور انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے اس سلسلے میں کئی سالوں سے قائم مسلم آفیسرز سوسائٹی کے اہم رول کابھی حصہ ہے جس کے 12 سال تک مسلسل صدر پاکستانی نژاد اعلیٰ آفیسر عدیل اس سال سبکدوش ہوگئے ان کے جانشین نئے صدر وحید اختر بھی پاکستانی نژاد پولیس میں کیپٹن کے عہدے پر فائز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں